آن لائن ٹیکسی اُبر نے کشتی سروس بھی شروع کردی

مظفرآباد:

آن لائن ٹیکسی اُبر نے کشتی سروس بھی شروع کردی۔

اُبر انتظامیہ کے مطابق بھارتی مقبوضہ کشمیر کی ڈل جھیل میں مسافروں کو لکڑی کی روایتی شکارا کشتیوں پر سفر کیلئے آن لائن بکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین 12 گھنٹے یا 15 دن پہلے تک اپنی رائیڈ بُک کر سکتے ہیں، کشتی کی ہر سواری میں چار مسافروں کو ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے، یہ سروس روزانہ صبح 10 سے شام 5 بجے کے درمیان ایک گھنٹے کی بکنگ کیلئے دستیاب ہوگی۔

اُبر جنوبی ایشیا کے صدر پربھجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ اوبر شکارا سروس کا مقصد خطے میں سیاحت کو فروغ دینا ہے، اس سے قبل اُبر اٹلی (وینس) اور بعض یورپی ممالک میں کشتی سروس فراہم کررہی ہے تاہم ایشیا میں شروع ہونے والی یہ پہلی آن لائن کشتی سروس ہے۔

ابتدائی طور پر اوبر کی فلیٹ میں 7 کشتیاں شامل ہیں جس میں صارفین کی مانگ کی بنیاد پر اضافہ کیا جائے گا۔ سیاحوں کیلئے منصفانہ قیمتوں کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

اہم بات یہ ہے کہ اوبر اپنے شکارا پارٹنرز سے کوئی کمیشن نہیں لے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ پورا کرایہ براہ راست کشتی چلانے والوں کو جائے۔