موجودہ عہد میں بیشتر افراد کے لیے موبائل فون کے بغیر زندگی گزارنے کا خیال ہی خوفزدہ کر دینے والا ہوتا ہے۔
مگر کیا آپ کچھ گھنٹوں تک پریشان ہوئے بغیر اسمارٹ فون کو خود سے دور رکھ سکتے ہیں؟
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر چین میں ایک خاتون نے ایک مقابلے کے دوران موبائل فون کو 8 گھنٹوں تک خود سے دور رکھا اور اس دوران انزائٹی کی علامات بھی ظاہر نہیں ہوئیں۔
ایسا کرنے پر اس خاتون نے 10 ہزار یوآن (3 لاکھ 83 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جیت لیے۔
یہ انوکھا مقابلہ جنوب مغربی چینی شہر چونگ چنگ کے شاپنگ سینٹر میں ہوا۔
اس مقابلے میں شرکت کے لیے 100 افراد نے درخواستیں جمع کرائی تھیں جن میں سے 10 کا انتخاب کیا گیا۔
ان سب کو ایک نئے بیڈ (bed) پر موبائل فون کے بغیر 8 گھنٹے گزارنے تھے۔
ان افراد پر پابندی عائد کی گئی تھی کہ مقابلے کے دوران وہ ہر قسم کی الیکٹرونک ڈیوائسز بشمول ٹیبلیٹس اور لیپ ٹاپس کو استعمال نہیں کریں گے۔
ایمرجنسی حالات کے لیے انہیں ایسے پرانے موبائل فون ماڈل استعمال کرنے کی اجازت دی گئی جن سے صرف کالز کرنا ممکن تھی۔
انہیں بیڈ سے اٹھنے کی اجازت بھی نہیں تھی البتہ ٹوائلٹ جا سکتے تھے مگر وہاں سے بھی 5 منٹ کے اندر واپسی کی شرط عائد کی گئی تھی۔
موبائل فونز کے ساتھ ساتھ ان افراد پر بیڈ پر سونے یا انزائٹی کے اظہار پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔
ان افراد کو بستر پر ہی مشروبات اور کھانا فراہم کیا گیا۔
بیشتر افراد نے اپنا وقت مطالعہ کرتے ہوئے یا آنکھیں بند کرکے آرام کرتے ہوئے گزارا۔
مگر ڈونگ نامی ایک خاتون کو فاتح قرار دیا گیا جس کا اسکور 100 میں سے 88.99 رہا۔
منتظمین کے مطابق خاتون نے سب سے زیادہ وقت بیڈ پر گزارا جس دوران اسے گہری نیند کا تجربہ بھی نہیں ہوا جبکہ اس نے انزائٹی کی علامات کا سب سے کم اظہار کیا۔
ڈونگ ایک سیلز منیجر ہیں اور اپنے فارغ وقت میں بچوں کو پڑھانا پسند کرتی ہیں جبکہ موبائل فون پر براؤزنگ کبھی کبھار ہی کرتی ہیں۔