چیف جسٹس آف پاکستان کا گوادر سب جیل کا دورہ، قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے گوادر سب جیل کا دورہ کیا اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق بلوچستان میں اپنے دورے کے دوسرے روز چیف جسٹس آف پاکستان نے سب جیل گوادر کا دورہ کیا اور  زیر سماعت قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ 

اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے قیدیوں کی فلاح و بہبود اور انفرا اسٹرکچر کی بہتری پر توجہ اور صوبے کے ہر ڈویژن میں ایک جیل کے قیام پر زور دیا۔

سب جیل گوادر کے دورے میں جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس ہاشم کاکڑاور مانیٹرنگ جج برائے جیل خانہ جات جسٹس روزی خان بڑیچ بھی ہمراہ تھے۔ 

 علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوادر اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات نے بھی سب جیل گوادر کا دورہ کیا۔ 

 سپریم کورٹ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس کا دورہ کریمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات کے لیے اقدامات کا حصہ ہے۔