دنیا کی سرد ترین سڑک کی سیر کریں

موسم سرما کی شدت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا کی سرد ترین شاہراہ کونسی ہے؟

یہ روس کے مشرق بعید میں واقع کولیما ہائی وے (ایم 56) ہے جس سے دنیا کی سرد ترین سڑک قرار دیا جاتا ہے۔

درحقیقت یہ اعزاز گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اس سڑک کو دیا ہے کیونکہ ایک دفعہ یہاں کے ایک مقام پر درجہ حرارت منفی 67.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

1262 میل طویل اس شاہراہ کو 'روڈ آف بونز' بھی کہا جاتا ہے کیونکہ ایسا دعویٰ کیا جاتا ہے کہ اسے تعمیر کرنے کے دوران متعدد قیدی ہلاک ہوئے اور انہیں سڑک کی سطح کے نیچے ہی دفن کر دیا گیا۔

دنیا کی سرد ترین سڑک کی سیر کریں
اس سڑک کی تعمیر 1932 میں شروع ہوئی تھی / فوٹو بشکریہ ورلڈ اٹلس

اس شاہراہ کی تعمیر کی تعمیر 1932 میں شروع ہوئی اور 1953 تک جاری رہی۔

یہ شاہراہ روس کے خطے سائبریا میں واقع ہے اور Nizhny Bestyakh نامی علاقے کو Magadan سے ملاتی ہے۔

یہی سڑک دنیا کے سرد ترین قصبے اویمیا کون سے گزرتی ہے جہاں 1933 میں منفی 67.7 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

اسی وجہ سے اس شاہراہ کو دنیا کی سرد ترین سڑک قرار دیا جاتا ہے۔

دنیا کی سرد ترین سڑک کی سیر کریں
یہ سڑک 1262 میل طویل ہے / فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

یہی وجہ ہے کہ یہاں سفر کرنے والوں کو شدید سردی اور برف کا سامنا ہوتا ہے اور انہیں ہر جگہ سفیدی ہی نظر آتی ہے۔

درحقیقت یہاں جنوری اور فروری میں درجہ حرارت حیرت انگیز تک کم ہو جاتا ہے منفی 50 ڈگری تک پہنچ جاتا ہے بلکہ کئی بار تو منفی 60 ڈگری سینٹی گریڈ کا ہندسہ بھی چھو لیتا ہے۔

شدید سردی سے گاڑیوں کے خراب ہونے کا خطرہ بھی بڑھتا ہے مگر اچھی بات یہ ہے کہ برفباری کے بعد یہ سڑک ہموار ہو جاتی ہے۔

البتہ موسم سرما میں سڑک پر سفر اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب برف مکمل طور پر جم چکی ہو جبکہ گرمیوں میں یہاں کیچڑ بہت زیادہ ہوتی ہے تو اس پر سفر کرنا خطرناک بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

دنیا کی سرد ترین سڑک کی سیر کریں
یہ سڑک دنیا کے سرد ترین قصبے کے پاس سے گزرتی ہے / رائٹرز فوٹو

شاہراہ کے ایک سے دوسرے سرے تک سفر کرنے کے لیے بیشتر افراد کو 4 سے 5 دن لگتے ہیں جس دوران مسحور کن نظارے نظر آتے ہیں۔

سفر کے دوران یہ سڑک قلعوں، پہاڑوں اور دیگر قدرتی مقامات سے گزرتی ہے۔