چین میں لوگوں نے پیسہ کمانے کا ایک اور انتہائی آسان طریقہ ڈھونڈ لیا

چین میں لوگ پیسہ کمانے کے نت نئے طریقے ڈھونڈ نکالتے ہیں جن سے وہ لاکھوں روپے باآسانی کما لیتے ہیں۔

وہیں اب چینی شہریوں کو کمانے کا ایک اور طریقہ بتا دیا گیا جس سے وہ دفتر میں پورا سال کام کر کے نہیں کما سکتے جتنا وہ صرف ایک سے دو ماہ میں کما سکتے ہیں۔

چین میں ایک ٹرینڈ کا آغاز ہوا ہے جس کا نام “کلائمبنگ بڈیز “ ہے جو لوگوں کو چین میں موجود اونچے پہاڑ پر چڑھ کر پیسہ کمانے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔ چینی شہریوں کی بڑی تعداد اس ٹرینڈ کا حصہ بننے جا رہی ہے۔

چین میں ان دنوں تعطیلات جاری ہیں جس کے باعث بہت سے لوگوں نے پہاڑوں کا رخ کرنا شروع کر دیا، لیکن صرف گھومنے کی نیت سے نہیں بلکہ پیسہ کمانے کی غرض سے۔ کوہ پیمائی کے شوقین کئی افراد اس ٹرینڈ کا حصہ بھی بن چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق چینی سوشل میڈیا سائٹس Xiaohongshu اور Douyin پر صارفین اپنی خدمات بطور ”کوہ پیمائی کے ساتھی“ پیش کرنے کے لیے پروفائلز پوسٹ کر رہے ہیں۔ وہ اپنی فٹنس، پیدل سفر کا تجربہ، اور یہاں تک اور خود کی تصاویر بھی شئیر کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ”کلائمبنگ بڈی“ کی خدمات حاصل کرنے کی لاگت فی سفر 200 سے 600 یوآن (تقریباً 7 ہزار سے 22 ہزار پاکستانی روپے) کے درمیان ہے۔ قیمت پیش کردہ خدمات پر منحصر ہے۔

ایک وینڈی چن نامی چینی خاتون نے ماؤنٹ تائی پہاڑ پر چڑھنے میں مدد کے لیے ایک کوہ پیمائی دوست کی خدمات حاصل کیں۔ جس نے راستے کی مکمل منصوبہ بندی کی۔

رپورٹ کے مطابق وینڈی چن اور اس کے کوہ پیمائی دوست نے رات 8:00 بجے پیدل سفر کا آغاز کیا۔ وینڈی نے اس کی فٹنس لیول کی بنیاد پر ایک معتدل راستے کا انتخاب کیا اور سارا وقت اس کا بیگ ساتھ رکھا، تاکہ وہ طلوع آفتاب کے وقت چوٹی پر پہنچ کر ایک یادگاری تصویر بنا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ جب سورج طلوع ہوا، تو ان کے ساتھ جانے والا شخص پہلے ہی وہاں پہنچ چکا تھا جو جھنڈا اور دیگر سامان لیے تیار کھڑا تھا تاکہ وہ یادگار لمحے کو تصویر میں قید کرسکے۔

اسی طرح چن ووڈی نامی شخص جو ایک سابقہ ​​سیلز مین تھا، اب کوہ پیمائی کے ساتھی کے طور پر روزی کماتا ہے۔ وہ ہر ماہ تقریباً 20 ہزار یوآن (تقریباً 2 لاکھ روپے) کماتا ہے۔