عالمی شہرت یافتہ پاکستانی مرحوم موسیقار و گلوکار نصرت فتح علی خان کی آواز کا جادو 27 برس بعد بھی قائم ہے، ان کی البم نے مقبولیت میں 2024 کی تمام البمز کو پیچھے چھوڑ دیا۔
برطانوی اخبار نے سال 2024 کی دنیا کے 10 مقبول ترین میوزک البمز کی فہرست جاری کی ہے، جس میں 2 پاکستانیوں نے جگہ بنائی ہے۔
اس فہرست کے مطابق رواں سال ستمبر میں ریلیز کی گئی نصرت فتح علی خان کی گمشدہ البم ’چین آف لائٹ‘ کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔a
رواں سال ستمبر میں ان کا چار قوالیوں پر مبنی آڈیو البم ’چین آف لائٹ‘ ریلیز کیا گیا تھا، مذکورہ قوالیاں 1990ء کے دوران ریکارڈ کی گئی تھیں جو بعدازاں گم ہوگئیں تھی۔
یہ البم ریئل ورلڈ ریکارڈنگز کے بینر تلے رواں سال ریلیز کی گئی تھی اور کمپنی نے اسی نام سے نصرت فتح علی خان کی زندگی پر مختصر دستاویزی فلم بھی ریلیز کی تھی۔
برطانوی اخبار کی اس فہرست میں پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب کی البم کو چھٹے نمبر پر شامل کیا گیا ہے۔
مذکورہ فہرست کے مطابق اسپرانزا دوسرے، فبیانو تیسرے، لارڈ اسپائک ہارٹ چوتھے، بزوکی پانچویں، جبکہ مالکولم ساتویں، گناویا آٹھویں، ڈی جے نویں، اور پوئجی ننت دسویں نمبر پر براجمان ہے۔