ٹک ٹاک بنانیوالے پولیس اہلکاروں کو سزائیں

کراچی میں ٹک ٹاک بنانے والے پولیس اہلکاروں کی شامت آگئی، کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے یونیفارم میں ٹک ٹاک بنانےوالے نو اہلکاروں کو سزائیں سنادیں، سزا پانے والوں میں دو خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر پولیس یونیفارم میں ٹک ٹاک بنانا مہنگا پڑ گیا، محکمہ جاتی سزاکے مطابق تمام اہلکاروں کے ایک سال کے انکریمنٹ اور بونس روک دیئے گئے، اس ضمن میں نوٹفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔

سزا پانے والوں میں کانسٹیبل ماجدعلی،نعمان خان اور نعمان سجاد سمیت سپاہی احمد علی،حزیفہ،قاسم اور ذیشان جبکہ دو خواتین اہلکار سونیا اور منیما بھی سزا پانے والوں میں شامل ہیں،اہلکاروں نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رقص کی پوسٹس وائرل کی تھیں،پولیس چیف کی جانب سے یونیفارم میں غیر ضروری ٹک ٹاک بنانے پر پابندی عائد ہے۔