صوبائی حکومت نے بدھ اور جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان کردیا ، تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے،حکومت سندھ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 25 دسمبر بروز بدھ قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر تمام سرکاری دفاتر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جبکہ مسیحی ملازمین کیلئے کرسمس کے سلسلے میں 26 دسمبر کو چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
بانی پاکستان کا یوم پیدائش ہر سال پوری قوم انتہائی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ مناتی ہے، دن کا آغاز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوگا جس کے بعد کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوگی۔
قائد کی زندگی سیاسی جدوجہد اور قیام پاکستان میں اہم کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔