وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا چین میں پنجاب بزنس کانفرنس سے خطاب: پنجاب کو عالمی سطح پر تجارت اور سرمایہ کاری کا مرکز بنائیں گے
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چین کے دورے کے دوران پنجاب بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو دنیا بھر کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کا مرکز بنایا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ چین کے دورے کے دوران چینی حکام کی بہترین میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین کی ترقی ہمارے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے۔ انہوں نے چین کی قیادت، خصوصاً صدر شی جن پنگ کی باصلاحیت قیادت کی تعریف کی اور کہا کہ چین کی سیاسی بصیرت اور ترقی سب کے لیے ایک مشعل راہ ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے چین کی پالیسیاں اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ چینی تاجروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے خصوصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، دیہی علاقوں کی ترقی کے لیے چین کے کامیاب ماڈل کو اپنانے کا بھی ارادہ ظاہر کیا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دہائیوں پرانے مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہیں، اور پنجاب بزنس کونسل دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ چین کے دورے کے دوران ماحولیات کی بہتری کے لیے تربیتی پروگرامز پر بھی گفتگو کی گئی اور آئی ٹی، زراعت، اور مصنوعی ذہانت (AI) جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی سیاحت، سماجی اور اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔