ٹک ٹاکر مناہل ملک کا سوشل میڈیا پر واپسی کا اعلان

مشہور ٹک ٹاک اسٹار مناہل ملک نے نازیبا ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کی تھی، تاہم صرف دو ماہ بعد انہوں نے اپنی واپسی کا اعلان کر دیا۔

اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی اسٹوری میں مناہل نے اپنے مداحوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے امید ہے کہ آپ سب خیریت سے ہوں گے۔ بہت سے لوگوں سے غلطیاں ہوتی ہیں لیکن میری غلطیوں کو ہی زیادہ دکھایا گیا، یہ نہیں دکھایا کہ میں کیسی انسان ہوں۔"

(اسکرین شاٹ: انسٹاگرام)

انہوں نے مزید کہا کہ "میرے فینز بہت پریشان تھے کہ مجھے واپس آنا چاہیے، اور میری فیملی بھی یہی کہہ رہی تھی۔ اس دنیا میں کوئی بھی شخص مکمل طور پر محفوظ نہیں، بس وہی لوگ شریف ہیں جن کے گناہ چھپے ہوں۔"

مناہل نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ "اب مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا کہ لوگ میرے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔ بہت سے لوگ باتیں کریں گے لیکن اب میں وہ مناہل ہوں جو بہت مضبوط ہو چکی ہے، اور مجھے کسی کی بکواس باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔"

یاد رہے کہ اکتوبر میں مناہل ملک نے اپنی نازیبا ویڈیوز لیک ہونے کے بعد سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ سوشل میڈیا پر آن لائن ہراسمنٹ اور ٹرولنگ کے بعد یہ فیصلہ کیا تھا۔

اگرچہ مناہل نے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا، مگر ان کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بند نہیں کیا گیا تھا، اور انسٹاگرام پر وہ مسلسل فعال رہیں۔ اب، سوشل میڈیا پر واپسی کے بعد، مناہل نے اپنے پرانے انداز میں ویڈیوز بنانا اور پوسٹ کرنا شروع کر دیا ہے۔