مشہوربھارتی اداکارہ نیلم فواد خان پر دل ہار بیٹھی

بھارتی اداکارہ نیلم کوٹھاری نے پاکستانی اداکار فواد خان کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ’’بہت حسین‘‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ انہیں بے انتہا پسند کرتی ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں نیلم پاکستانی ڈراموں کے حوالے سے بات کرتی نظر آئیں۔

پاکستانی ڈراموں کی تعریف کرتے ہوئے نیلم نے کہا، "پاکستانی ڈراموں کی خاص بات یہ ہے کہ وہ حقیقت سے قریب ہوتے ہیں۔ کہانیاں بہت اچھی ہوتی ہیں اور ڈراموں میں فنکاروں کے ملبوسات اور رہن سہن بہت عمدہ ہوتے ہیں، جو بالکل حقیقت کے قریب لگتے ہیں۔ بولنے کا انداز اور لب و لہجہ سن کر یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ڈرامے بنانے والے کتنی سنجیدگی سے کام کرتے ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستانی اور ترکی کے ڈرامے وہ ہیں جو میں شوق سے دیکھتی ہوں کیونکہ ان میں جذبات بہت گہرے ہوتے ہیں اور کہانی کی بُنائی بہت اہم ہوتی ہے۔"

پاکستانی اداکاروں میں اپنی پسندیدگی کے حوالے سے نیلم کا کہنا تھا، "میں یہ بھی بتانا چاہوں گی کہ مجھے پاکستانی ڈرامے بہت پسند ہیں اور سب سے زیادہ فواد خان پسند ہیں۔ وہ بہت حسین ہیں اور مجھے بے انتہا پسند ہیں۔"