اداکار سونو سود نے انکشاف کیا کہ انہیں وزیراعلیٰ، نائب وزیراعلیٰ اور راجیہ سبھا کے رکن جیسے عہدوں کی پیشکش کی گئی تھی تاہم انہوں نے ان سب سے انکار کر دیا۔
خیال رہے کہ اداکار کو عالمی وبا کووڈ 19 کے دوران اپنے آبائی علاقوں کو چھوڑ کر دوسرے شہروں میں کام کے لیے آنے والے کارکنان کی مدد کرنے پر خاصی فین فالوونگ حاصل ہوئی تھی اور اداکار کو خوب سراہا گیا تھا۔
ایک انٹرویو دیتے ہوئے سونو سود نے بتایا کہ 'مجھے وزیر اعلیٰ کے عہدے کی پیشکش کی گئی تھی، جب میں نے انکار کر دیا تو انہوں نے مجھے نائب وزیر اعلیٰ بننے کو کہا'۔
اداکار کے مطابق انہیں یہ پیشکشیں کرنے والے ملک کے بہت بڑے لوگ تھے جنہوں نے انہیں راجیہ سبھا کی نشست کی پیشکش بھی کی تھی۔
سونو سود نے کہا کہ 'انہوں نے مجھے یہ عہدے لینے کو کہا کہ اس کے بعد مجھے سیاست میں کسی چیز کے لیے لڑنے کی ضرورت نہیں پڑے گی'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'یہ ایک دلچسپ مرحلہ ہے جب ایسے طاقتور لوگ آپ سے ملنا چاہتے ہیں اور دنیا میں تبدیلی لانے کے لیے آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں۔'
تاہم اداکار نے کہا کہ وہ سیاست سے دور رہنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ 'اپنی آزادی کھونا' نہیں چاہتے۔
سونو سود کا کہنا تھا کہ 'لوگ دو وجوہات کی بنا پر سیاست میں آتے ہیں، پیسہ کمانے کے لیے یا اقتدار حاصل کرنے کے لیے، مجھے ان دونوں میں سے کسی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، اگر بات لوگوں کی مدد کرنے کی ہے تو میں پہلے ہی کر رہا ہوں،مجھے اس حق کے لیے کسی سے پوچھنے کی ضرورت نہیں ہے، لیکن سیاست میں آنے کے بعد اگر میں کسی کی مدد کرنا چاہتا ہوں تو میں کسی اور کے سامنے جوابدہ ہو سکتا ہوں اور اس سے مجھے ڈر لگتا ہے کہ میں اپنی آزادی کھو دوں گا'۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'جب کوئی مقبولیت حاصل کرنا شروع کرتا ہے تو وہ زندگی میں بڑھنے لگتا ہے، لیکن زیادہ اونچائیوں پر آکسیجن کی سطح کم ہوجاتی ہے، ہم اوپر جانا چاہتے ہیں لیکن آپ وہاں کتنی دیر تک خود کو برقرار رکھ سکتے ہیں یہ اہم ہے'۔
اداکار نے کہا کہ 'بہت سے لوگوں نے انہیں بتایا کہ اگر وہ سیاست میں آتے ہیں تو انہیں دہلی میں ایک گھر، اہم عہدہ، اعلیٰ سیکیورٹی اور سرکاری مہر کے ساتھ لیٹر ہیڈ جیسی آسائشیں ملیں گی'۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ بہت اچھا لگتا ہے، اور مجھے یہ سننا اچھا لگتا ہے لیکن میں ابھی تیار نہیں ہوں، ہو سکتا ہے کہ کچھ سال کے بعد میں مختلف محسوس کروں، یہ کبھی نہ کہو کہ کبھی نہیں، لیکن ابھی میرے اندر ایک اداکار اور ہدایت کار باقی ہے، میں سیاست کے خلاف نہیں ہوں اور میں سیاستدانوں کا احترام کرتا ہوں جو بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سونو سود کی بہن مالویکا سود نے 2022 میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور انہوں نے ریاست میں موگا سیٹ سے اسمبلی انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا لیکن عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے امیدوار امندیپ کور اروڑا سے ہار گئیں۔