وقت آنے پر زرداری، نواز اور عمران بھی بیٹھ سکتے ہیں: راجہ پرویز اشرف

سابق وزیراعظم اور  پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز  اشرف نے کہا ہے کہ اس وقت مذاکراتی کمیٹی کا ماحول بہتر ہے، وقت آنے پر آصف علی زرداری، نواز شریف اور عمران خان بھی بیٹھ سکتے ہیں۔

پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے باضابطہ طورپر اپنے مطالبات نہیں پیش کیے، انہوں نے کارکنان کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن کے مطالبات اٹھائے ہیں، پی ٹی آئی کے دوستوں نے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے۔

ایک اور میثاق جمہوریت ہونے سے متعلق سوال پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک کو اس وقت میثاق کی تو ضرورت ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ملک میں جو غیریقینی کی صورتحال ہے، معاشی بدحالی ہے اس کیلئے  تمام جماعتوں کو بیٹھنا چاہیے، اس وقت جو مذاکراتی کمیٹی کا ماحول ہے وہ بہتر ہے، وقت آنے پر آصف علی زرداری، نواز شریف اور عمران خان بھی بیٹھ سکتے ہیں۔