راولپنڈی کے مختلف تھانوں کی حدود سے پانچ لڑکیوں کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا ہے، اغوا ہونے والوں میں ایک ملائشین نژاد لڑکی بھی شامل ہے۔ پانچوں لڑکیوں کے مبینہ اغوا کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج کرلیا گیا۔
تھانہ نصیر آباد میں محمد حسنین طارق نامی شہری کی مدعیت میں بہن کی گمشدگی کا مقدمہ درج کیا گیا۔ مدعی نے بتایا کہ میری بہن کام کے سلسلے میں گھر سے باہر گئی لیکن واپس نہیں آئی، ہمیں شعبہ ہے کہ اسے نیاز خان نامی شخص نے اغوا کر لیا ہے۔
تھانہ آر اے بازار میں ملائشین نژاد لڑکی کے اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا، پولیس نے شوہر ناصر عظیم کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی۔ مدعی نے بتایا کہ میری بیوی کو ہسپتال سے نامعلوم شخص اپنے ساتھ لے گیا۔
تھانہ ائیرپورٹ نے بیوی کے مبینہ اغوا کا مقدمہ شوہر کی مدعیت میں درج کیا، جس میں مدعی نے بتایا کہ میری بیوی کو ملزمان زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے، تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
تھانہ گوجر خان میں لڑکی کے اغوا کا مقدمہ رشتہ دار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
تھانہ چونترہ میں بھی ماں کی مدعیت میں بیٹی کی گمشدگی کا مقدمہ درج کیا گیا، مدعی نے بتایا کہ شبہ ہے میری بیٹی کو اغوا کیا گیا ہے۔