شاہ رخ خان نے اپنی ہندو بیوی سے اسلام قبول کرا لیا؟

شاہ رخ خان اور گوری چھبر خان 1991 میں ہوئی شادی کے بعد سے بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے سب سے مشہور جوڑوں میں سے ایک ہیں۔ شاہ رخ خان مسلمان اور گوری خان ہندو ہیں۔ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے کے باوجود ان کی ذاتی زندگی ان کے مذہبی اختلافات سے کبھی متاثر نہیں ہوئی۔

شادی شدہ زندگی کے کامیاب ترین سالوں کے دوران اس جوڑے نے ایک ہم آہنگ خاندانی ماحول کو برقرار رکھا ہے جہاں دونوں مذاہب کا احترام کیا جاتا ہے اور خوشیاں اور تہوار ساتھ منائے جاتے ہیں۔

کئی انٹرویوز میں، شاہ رخ خان اور گوری خان دونوں نے بتایا ہے کہ کس طرح ان کے بچوں، آریان خان اور سوہانا خان کو دونوں مذاہب کی روایات پر عمل کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے، اور وہ اپنی سیکولر خاندانی اقدار کو ظاہر کرتے ہیں۔

لیکن حال ہی میں کچھ سوشل میڈیا پوسٹس نے ان کے مذہب سے متعلق ایک تنازعے کو جنم دیا ہے۔

حال ہی میں، کئی تصاویر سامنے آئیں جن کے ساتھ دعویٰ کیا گیا کہ شاہ رخ خان نے گوری خان کا مذہب تبدیل کرکے انہیں دائرہ اسلام میں داخل کرلیا ہے اور انہوں نے گوری کو مکہ مکرمہ کی زیارت بھی کرائی ہے۔

ان تصاویر میں شاہ رخ خان اور گوری خان کو مکہ میں خانہ کعبہ کے سامنے پوز دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس نے سامعین میں منقسم ردعمل کو جنم دیا۔

تاہم اب اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ آن لائن گردش کرنے والی تصویر اصلی نہیں بلکہ اے آئی سے تیار کردہ جعلی تصویر تھی، جسے تنازعہ پیدا کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ مشہور شخصیات کو جعلی تصاویر کا نشانہ بنایا گیا ہو۔ دپیکا پڈوکون سے لے کر ٹیلر سوئفٹ تک، متعدد ستاروں کو ایسے ہی حالات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں اسکینڈل بنانے یا عوامی بحث کو ہوا دینے کے لیے جھوٹی تصاویر یا ویڈیوز وائرل کی گئیں۔