وہ انوکھا شخص جو 'کچھ نہ کرکے' بھی سال بھر میں 2 کروڑ روپے سے زائد کما لیتا ہے

ایک ایسے انوکھے انسان سے ملیے جو کچھ بھی نہیں کرتا مگر پھر بھی ہر سال 80 ہزار ڈالرز (2 کروڑ 22 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کما لیتا ہے۔

جی ہاں واقعی شوجی موری موٹو نامی اس جاپانی شخص کو 2018 میں ملازمت سے نکال دیا گیا تھا۔

کمپنی نے انہیں نکالتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی کام کے قابل نہیں۔

اس کے بعد سے شوجی موری موٹو (اب 41 سال کے ہوچکے ہیں) کچھ نہ کرتے ہوئے بھی متعدد دیگر افراد سے زیادہ کما رہے ہیں۔

انہیں جاپان میں 'ڈو نتھنگ گائے' کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

ان کا کام بس یہ ہے کہ وہ دن کے اوقات میں خود اپنے آپ کو ایسے اجنبی افراد کو کرائے پر دے دیتے ہیں جو بس کسی کے ساتھ باتیں کرنے کرنے کے خواہشمند ہوتے ہیں یا کسی جگہ ان کو اپنی جگہ انتظار کے لیے بھیجنا چاہتے ہیں۔

یعنی شوجی موری موٹو کو خود کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی، البتہ کبھی کبھار انہیں متحرک ہونا پڑتا ہے۔

مثال کے طور پر ایک دفعہ ان سے کسی نے درخواست کی کہ میراتھن ریس کی فنشنگ لائن پر ایک رنر کا انتظار کریں۔

اسی طرح کبھی ان سے درخواست کی جاتی ہے کہ اپنے گھر کی تزئین نو یا کمرے کی صفائی کے کام سے بیزار فرد کو ویڈیو کال کریں۔

ایک دفعہ تو ایک خاتون کو اپنے دوست کے ساتھ کانسرٹ میں جانا تھا، مگر دوست کسی وجہ سے آنے سے قاصر رہا تو وہ شوجی موری موٹو کی خدمات حاصل کرکے انہیں اپنے ساتھ لے گئی۔

تو بنیادی طور پر انہیں کچھ بھی کرنا نہیں ہوتا۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ 'کئی بار میں مشکل صورتحال میں پھنس جاتا ہوں، جیسے تیز دھوپ میں کسی اور کی جگہ قطار میں کھڑے رہنا پڑتا ہے یا گھنٹوں منجمد کر دینے والی سردی میری برداشت کا امتحان لیتی ہے، یا اجنبیوں کے ساتھ پارٹی میں جانا یا بڑے ہجوم کے سامنے گھنٹوں تنہا کھڑے رہ کر کچھ نہ کرنا وغیرہ'ْ

انہوں نے مزید بتایا کہ 'مگر حالات جیسے بھی ہوں مجھے اپنا یہ کام بہت خاص لگتا ہے اور مجھے یہ پسند ہے'۔

وہ انوکھا شخص جو کچھ نہ کرکے بھی سال بھر میں 2 کروڑ روپے سے زائد کما لیتا ہے
کسی صارف کے لیے پارک میں بیٹھے ہوئے / فوٹو بشکریہ شوجی موری موٹو

انہوں نے بتایا کہ ایک دفعہ انہیں 17 گھنٹے تک ریل لائن میں بیٹھنا پڑا تھا۔

اسی طرح اکثر افراد اپنے زندگی کے خراب تجربات ان سے شیئر کرتے ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ اس طرح کی گفتگو میں وہ نہ ہونے کے برابر بولتے ہیں یا ہاں یا نہیں میں جواب دیتے ہیں۔

شوجی موری موٹو نے بتایا کہ انہیں سال بھر میں ایک ہزار درخواستیں موصول ہوتی ہیں اور ان کے صارفین یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ انہیں کتنا معاوضہ دینا چاہیے۔

مگر وہ عموماً 2 سے 3 گھنٹے کے لیے 10 سے 30 ہزار جاپانی ین (17 سے 53 ہزار پاکستانی روپے) لیتے ہیں۔

جاپان میں تنہائی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور کچھ افراد تو اسی لیے شوجی موری موٹو کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔