ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار رہی، بالائی علاقوں میں غضب کی ٹھنڈ پڑی، پارا نقطہ انجماد سے بھی نیچے آگیا۔
بالائی علاقوں میں دریا، آبشاریں اور جھیلیں جم گئیں، لہہ میں پارہ منفی 10 اور کالام میں منفی 9 تک گر گیا، قلات،استور میں منفی 8، کوئٹہ، گوپس، زیارت میں منفی 7 رہا، سکردو، دروش،چترال اور ہنزہ میں منفی 4 ریکارڈ کیا گیا۔
آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری ہوئی، شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے، خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہوگئی، قلات، وادی نیلم میں شدید بارش اور برفباری سے نظام زندگی متاثر ہوگیا۔
متعدد علاقوں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ ہوا، گلگت بلتستان میں منجمد خلتی جھیل پر آئس ہاکی کے مقابلوں کا اعلان کیا گیا، جمی ہوئی جھیل پر بچوں نے آئس ہاکی کی پریکٹس کی۔