سلمان کی وہ پہلی محبت جس کا انہوں نے ہر روز کئی گھنٹوں انتظار کیا

سلمان خان بالی وڈ کا ایک ایسا نام ہے جو اپنی ڈیبیو فلم ’بیوی ہو تو ایسی‘  کے بعد سے آج تک اپنی ہر فلم کی بدولت خبروں کی زینت بنا رہا اور دبنگ اداکار کے کیرئیر کی طرح ان کی نجی زندگی بھی میڈیا سے ڈھکی چھپی نہ رہ سکی۔

 فلمی کیرئیرکے دوران سنگیتا بجلانی، ایشوریا رائے اور کترینہ کیف جیسی اداکاراؤں سے افیئرز نے سلمان خان سے متعلق   میڈیا پر قیاس آرائیاں پھیلائی رکھیں، لیکن کیا آپ  سلمان خان کی زندگی میں آنے والی اس پہلی محبت کو جانتے ہیں جو فلمی کیرئیر سے قبل ان کی زندگی میں شامل رہی؟

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کی پہلی گرل فرینڈ لیجنڈ اداکار اشوک کمار کی نواسی شاہین جعفری ہیں۔

سلمان خان کی بائیو گرافی ’Being Salman‘ میں درج  ہے کہ دبنگ اسٹار  فلم انڈسٹری میں اینٹری دینے سے بھی کئی سال قبل کالج میں شاہین جعفری سے پہلی بار محبت میں گرفتار ہوئے تھے، سلمان خان کی ریڈ اسپورٹس کار اکثر ممبئی کےکالج کے باہر کھڑی دیکھی جاتی تھی جہاں شاہین جعفری زیر تعلیم تھیں، اس کالج کے باہر سلمان خان گھنٹوں ان کا انتظار کرتے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان اور شاہین کے تعلقات کو دونوں خاندانوں کی طرف سے بھی قبول کیا جا چکا تھا لیکن اس سب کے باوجود بھی یہ رشتہ ختم ہو گیا، کیرئیر میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ سلمان کی  محبت بھی تبدیل ہونا شروع ہوئی،  ان کی ملاقات ایک ہیلتھ کلب میں اداکارہ سنگیتا بجلانی سے ہوئی اور پھر  دونوں گہرے دوست بن گئے، اور پھر یہ دوستی رشتے میں بدل گئی، بتایا جاتا ہے کہ سلمان خان سنگیتا سے محبت میں اتنے سنجیدہ تھے کہ   شادی کے کارڈ پرنٹ کروانے کی تیاری تھی۔

دوسری جانب شاہین جعفری اپنے کیرئیر میں آگے بڑھ گئیں انھوں نے  ائیر لائن انڈسٹری میں کام کرنا شروع کیا اور  پھر  وکرم اگروال نامی شخص سے شادی کر لی۔