سرگودھا: عدالت سے واپس آنے والی کار پر مخالفین کی فائرنگ، 4 افراد جاں بحق

سرگودھا میں ایک کار پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ 

پولیس کے مطابق سرگودھا میں خوشاب روڈ سبھر وال کالونی کےقریب کارپرفائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 راہگیر زخمی بھی ہوئے۔ 

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ چاروں افراد عدالت سے گھر واپس جا رہے تھے جس دوران ملزمان نے  گھات لگا کر کار  پرفائرنگ کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، ملزمان ایک گھنٹے سے کار کا انتظار کر رہے تھے اور فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ مخالفین 4 افراد کو قتل کرنے کے بعد مقتولین کے گاؤں پہنچے اور مقتولین کے گاؤں کے باہربھی مسلح افراد نے فائرنگ کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےسرگودھا میں فائرنگ سے قتل ہونے والے 4 افراد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔