ایک خاتون جب حاملہ ہوتی ہے تو اسے اس کا علم ایک یا دو ماہ بعد ہوجاتا ہے اور بچے کی پیدائش سے کچھ مہینے پہلے اردگرد موجود ہر فرد کو بھی یہ معلوم ہوجاتا ہے۔
مگر کیا ایسا بھی ممکن ہے کہ کوئی خاتون ماں بننے والی ہو اور اسے پورے 8 یا 9 ماہ تک علم ہی نہ ہو بلکہ اسپتال میں کسی اور مرض کے علاج کے لیے جانے پر بچے کی پیدائش ہوجائے؟
ایسا کروڑوں میں سے ایک کے ساتھ ہی ہوسکتا ہے اور ایسا حیرت انگیز واقعہ چین میں سامنے آیا ہے۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق مشرقی چین سے تعلق رکھنے والی 36 سالہ خاتون کو حمل کا علم بچے کی پیدائش سے محض 4 گھنٹے پہلے ہوا۔
گونگ (پورا نام ظاہر نہیں کیا گیا) نامی خاتون کو Zhejiang پیپلز ہاسپٹل میں فشار خون کی شکایت کے ساتھ داخل کیا گیا تھا۔
مگر معائنے کے دوران ڈاکٹروں نے انکشاف کیا کہ خاتون کے حمل کو 8 ماہ ہوچکے ہیں۔
یہ انکشاف اس لیے بھی خاتون اور ان کے شوہر کے لیے دنگ کر دینے والا تھا کیونکہ ڈاکٹروں پہلے کہا تھا کہ خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش کا امکان نہیں۔
اسی وجہ سے خاتون کے وزن میں ہونے والے اضافے کو نظر انداز کر دیا گیا اور ڈاکٹروں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ وہ حاملہ ہوسکتی ہے۔
دسمبر 2024 کے شروع میں خاتون کو بازو سن ہونے کی شکایت کا سامنا ہوا اور وہ چیک کرانے کے لیے ڈاکٹروں کے پاس آئی، جہاں الٹرا ساؤنڈ سے بچے کا انکشاف ہوا۔
خاتون نے اس انکشاف کے محض 4 گھنٹے بعد ایک بیٹے کو جنم دیا جس کا وزن 2 کلو گرام تھا۔