وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے امریکی قونصل خانے کے عملے کی شکایت پر ایک ملزم کو ساتھی سمیت گرفتار کیا ہے جو کینسر کی جعلی دستاویزات پیش کر کے امریکا کا ویزا حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
گرفتار ملزم رضا عباس سیالکوٹ اور سہولت کار مبینہ ٹریول ایجنٹ امیر حمزہ کراچی کا رہائشی ہے۔
رضا عباس نے ایک کروڑ روپے کے مساوی جعلی بینک اسٹیٹمنٹ قونصلیٹ میں پیش کیں۔
ملزم نے ٹریول ایجنسی کا جعلی مالک ہونے کی دستاویزات بھی قونصلیٹ میں جمع کرائیں۔ ملزم کو لیبارٹری رپورٹس اور ایک اسپتال کے سرٹیفکیٹس لیب اسسٹنٹ نے 30 ہزار روپے میں فراہم کیں۔
رضا عباس کی امریکی ویزے کیلئے درخواست پہلے بھی امریکی سفارتخانے سے مسترد ہوچکی ہے۔ ملزمان کو گرفتار کیے جانے کے بعد مزید کارروائی جاری ہے۔