ازدواجی زندگی کا ہر جوڑا کبھی نہ کبھی یہ سوچتا ہے کہ آخر کامیاب اور خوشگوار تعلقات کا راز کیا ہے۔ نئی تحقیق نے اس سوال کا دلچسپ جواب دیا ہے’بحث مباحثہ اور نوک جھونک لیکن شائستہ انداز میں’
جی ہاں، یہ وہ راز ہے جو برسوں سے کامیاب شادی شدہ زندگی کے اصولوں میں کہیں چھپا ہوا تھا۔ مگر یاد رہے، یہ نوک جھونک اور بحث مباحثہ بےجا تنقید یا توہین کے انداز میں نہیں ہونا چاہیے، بلکہ محبت اور مسئلے کے حل کی نیت کے ساتھ ہونا ضروری ہے۔
121 جوڑوں پر مبنی تحقیق کا خلاصہ
ایک حالیہ مطالعہ، جو 121 جوڑوں پر مبنی تھا، نے ثابت کیا کہ جو لوگ ازدواجی مسائل پر کھل کر بات کرتے ہیں اور مناسب انداز میں بحث کرتے ہیں، ان کا تعلق نہ صرف دیرپا ہوتا ہے بلکہ زیادہ خوشگوار بھی۔ یہ جوڑے ہفتے میں کم از کم ایک بار اپنی شکایات اور مسائل کو گفتگو کے ذریعے سلجھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
اس میں اہم نکتہ یہ ہے کہ خوشگوار جوڑے ان موضوعات پر بحث کرتے ہیں جنہیں وہ حل کر سکتے ہیں، جیسے گھریلو کام کاج، فرصت کے لمحات اور مالی معاملات۔ وہ حساس یا ناقابل حل موضوعات، جیسے حسد، مذہب یا خاندانی معاملات، پر بحث کرنے سے گریز کرتے ہیں۔
جھگڑا، جذبات کو چھپانے کا متبادل
ایک اور مطالعے کے مطابق، وہ جوڑے جو جھگڑے سے گریز کرتے ہیں اور اپنی ناراضگی کو اندر ہی اندر دبا لیتے ہیں، ان کی زندگی ان جوڑوں کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ تناؤ کا شکار ہوتی ہے جو کھل کر بات کرتے ہیں۔
خوشگوار جھگڑے کے اصول
شائستگی کو اپنائیں اوربحث کے دوران توہین آمیز زبان سے گریز کریں۔
حل پر توجہ دیں، بحث کا مقصد مسئلے کا حل نکالنا ہونا چاہیے، نہ کہ صرف الزامات لگانا۔
احترام برقرار رکھیں، اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کی عزت کریں۔
صحیح وقت اور جگہ کا انتخاب اہمیت کا حامل ہے لہذا بحث کے لیے مناسب وقت اور ماحول کا انتخاب کریں تاکہ مسائل کو آرام دہ انداز میں سلجھایا جا سکے۔
طویل ازدواجی خوشی کا راز
پروفیسر ایمی راور کے مطابق، کامیاب جوڑے اپنی ’جنگیں‘ دانشمندی سے چنتے ہیں۔ وہ ان مسائل پر بحث کرتے ہیں جن کا حل ممکن ہو اور باقی معاملات کو پس پشت ڈال دیتے ہیں۔ یہی رویہ ان کی طویل اور خوشگوار ازدواجی زندگی کا سب سے بڑا راز ہے۔
ازدواجی زندگی میں نوک جھونک ایک فطری امر ہے، لیکن اس کا انداز اور نیت اہمیت رکھتی ہے۔ محبت، شائستگی اور مسئلے کے حل کی نیت سے کی گئی گفتگو نہ صرف مسائل کو حل کرتی ہے بلکہ تعلقات کو مزید مضبوط بھی بناتی ہے۔
پس، اگر آپ کی ازدواجی زندگی میں مسائل ہیں، تو ان سے منہ موڑنے کے بجائے، ان پر محبت بھری گفتگو کریں۔ یاد رکھیں، بحث برائے محبت ہمیشہ بحث برائے جدائی پر بھاری رہتی ہے!