ترکیہ کی ایک خاتون نے 60 سیکنڈ یعنی صرف ایک منٹ میں اپنی رانوں کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے 5 تربوز توڑنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ترکیہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون گوزڈے ڈوگن کو اپنی طاقت اور رانوں کے ذریعے تربوز توڑنے کے مشکل ترین چیلنج کو پورا کرتے ہوئے اور بعد ازاں عالمی ریکارڈ کا ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ گوزڈے ڈوگن تربوز کی 2 قطاروں کے درمیان بیٹھی ہوئی ہیں، وہ انہیں ایک ایک کرکے اٹھا کر اپنی رانوں میں دبا کر کچلتی ہیں، اس دوران انہیں مزید تربوز کچلنے کے لیے آگے بڑھنے سے قبل اپنی رانوں سے کچلے ہوئے تربوز سے نکلنے والے ’رس‘ کو بھی صاف کرتے ہوئے دکھا جا سکتا ہے۔
بعد ازاں انہیں گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے عالمی مقابلہ جیتنے کا ایوارڈ بھی دیا جاتا ہے، اس دوران گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے گوزڈے ڈوگن کو باضابطہ طور پر بتایا گیا کہ وہ خواتین کی کیٹیگری میں 60 سیکنڈ میں رانوں کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے سب سے زیادہ تربوز توڑنے کا اعزاز حاصل کرنے والی دُنیا کی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔
واضح رہے کہ 2017 میں ایک ایرانی شخص نے 3 تربوزوں کو رانوں کے ذریعے کئی زیادہ تیزی سے توڑنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا جسے بعد ازاں 2023 میں اسی شخص اشکان روح اللہ دوشمنجیاری نے کم سے کم وقت میں 4 تربوز توڑ کر اپنا ہی بنایا ہوا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔