امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب بھی ابراہام معاہدے میں شامل ہوجائے گا۔
ابراہام معاہدہ اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان تعلقات کے قیام سے متعلق ہے۔
صدارت سنبھالنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سعودی عرب بھی بالآخر ابراہام معاہدے میں شامل ہوجائےگا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امید ہے سعودی عرب اسرائیل سے تعلقات معمول پر لے آئےگا۔
پیر کو ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے47 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ اب امریکا ترقی کرےگا، اپنے دور میں امریکا پہلے رکھوں گا، امریکا بہت جلد مضبوط، عظیم اور پہلے سے کہیں زیادہ کامیاب ملک بنےگا۔
افتتاحی خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا کہ میری اولین ترجیح ایک ایسا ملک قائم کرنا ہے جو آزاد اور مضبوط ہو، 8 سال مجھے جن مشکلات کا سامنا رہا امریکی تاریخ میں کسی اور کے ساتھ ایسا نہیں ہوا۔
ٹرمپ نے کہا کہ میں امریکا کو پھر سے عظیم بناؤں گا، آج کا دن امریکی شہریوں کی آزادی کا دن ہے، سیاہ فام اور لاطینی امریکیوں کا شکریہ ، میں نے اُن کے مسائل سُنے ہیں، آج مارٹن لوتھر کنگ ڈے ہے اور اس مناسبت سے میں ان کے لیے کام کروں گا۔