دن بھر کی تھکاوٹ کے بعد ہمیں جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت محسوس ہوتی ہےوہ ہے پرسکون اور گہری نیند
ماہرین صحت بھی اچھی صحت کے لیے پرسکون اور کافی نیند لینے پر انحصار کرتے ہیں۔
نیند کے لیے صرف سونے کے گھنٹے اہمیت نہیں رکھتے ہیں بلکہ سونے کا طریقہ بھی اہم ہوتا ہے۔
یہ حقیقت حیران کن ہے کہ ہم جہاں سو رہے ہوتے ہیں اس کے اردگرد موجود اشیا ہماری نیند اور صحت کو متاثر کرتی ہیں۔
آج ہم آپ کو کچھ ایسی ہی چیزوں کے بارے میں بتائیں گے جنہیں سوتے وقت آپ کو اپنے بستر یا پلنگ کے آس پاس نہیں رکھنی چاہئیں۔
الیکٹرانک آئٹم کو بستر پر نہ رکھیں
آجکل اسمارٹ فون ، لیپ ٹاپ اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز ہماری زندگی میں اتنے رچ بس گئے ہیں کہ ان سے چند منٹ کی دوری برداشت نہیں ہوپاتی۔ اگرآپ کا شمار بھی ایسے ہی افراد میں ہوتا ہے تو کم ازکم سوتے وقت ان برقی آلات کوخود سے اور اپنے بستر سے دور رکھیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ الیکٹرانک ڈیوائسز نیلی روشنی اور برقی مقناطیسی لہریں خارج کرتی ہیں۔ جو ہمارے دماغ پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں، جس سے نیند میں خلل پڑتا ہے اور ہم پُرسکون نیند حاصل نہیں کر پاتے۔
کام سے متعلق اشیا نہ رکھیں
دن بھر کی کام کی مصروفیات کے بعد جب آپ بستر پر لیٹتے ہیں تو عام طور پر کام کو بھول کر اچھی نیند کی خواہش لاتے ہیں۔ ایسی صورت میں اس بات کو یقینی بنائیں کہ سونے سے پہلے آپ کے بستر کے ارد گرد دفتر یا کسی اور چیز سے متعلق کوئی چیز نہ رکھی گئی ہو۔
اس کی ایک نفسیاتی وجہ بھی ہے کہ جب کام سے متعلق چیزیں آپ کے آس پاس موجود ہوں گی توکہیں نہ کہیں دھیان کام پر چلا جاتا ہےاس سے ذہنی تناو اور نیند میں کمی ہوجاتی ہے۔
ارد گرد کا ماحول صاف ستھرا ہونا چاہیے
اچھی اور گہری نیند کے لیے ارد گرد کا ماحول صاف ستھرا ہونا چاہیے۔ آپ کو چاہیے کہ سونے سے پہلے صرف پانچ منٹ بستر کی تیاری میں صرف کردیں۔ بستر کے آس پاس بکھری ہوئی چیزوں کو ہٹا کر دور رکھ دیں اور پھر سو جائیں۔ اس سے آپ کو اچھی نیند آئے گی۔
نرم کھلونوں کے ساتھ نہ سوئیں
اکثر دیکھا گیا ہے کہ بچوں کے ساتھ ساتھ بڑے بھی سوتے وقت اپنے ساتھ ایک بڑا سا ٹیڈی بیئر یا کوئی کھلونا رکھتے ہیں۔ یہ عادت صحت پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔
در حقیقت وقت کے ساتھ ساتھ نرم کھلونوں میں بہت زیادہ دھول، مٹی اور نمی کی وجہ سے جراثیم اور بیکٹریا پرورش پاتے ہیں جو صحت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
لیکن اگر بچے یا آپ کو اپنے کھلونوں کے ساتھ سونے کی عادت ہو تو کوشش کریں کہ انہیں روزانہ باقاعدگی سے صاف کرتے رہیں۔