ژوب میں افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام، 6 خوارج ہلاک

ژوب : بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں پاک افغان سرحد سے اندر داخل ہوئے چھ خوارج ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق بائیس اور تئیس جنوری کی رات خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو مانیٹر کیا گیا، خوارج پاکستان افغانستان سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، سیکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے عام علاقے سمبازہ میں انہیں گھیرلیا۔

سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا نتیجتاً چھ خوارج جہنم میں بھیجے گئے جن سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے روکے گی۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔