نوجوان کی محبت میں امریکا سے کراچی آنیوالی خاتون اب کہاں رہائش پذیر ہیں؟

نوجوان کی محبت میں کراچی آئی امریکی خاتون کو سماجی رہنما رمضان چھیپا شاہراہ فیصل پر قائم چھیپا فاؤنڈیشن کے ہیڈ کوارٹر لے آئے۔

امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنس کو واپس بھیجنے کی تمام کوششیں ناکام ہوچکی ہیں جس کے بعد اب وہ فلاحی ادارے میں موجود ہیں۔

رمضان چھیپا کا کہنا ہے کہ امریکی خاتون ٹیپو سلطان تھانے میں تھیں، ان کی طبیعت آرام نہ کرنے کے باعث خراب ہے، خاتون کے رہنے کا انتظام کیا ہے، خاتون میری بہن ہیں، جب تک چاہیں یہاں رہ سکتی ہیں۔

رمضان چھیپا نے کہا کہ چھیپا فاؤنڈیشن کی خواتین رضاکار امریکی خاتون کے ساتھ رہیں گی، خاتون کا ہر طرح سے خیال رکھا جائیگا، ہم یہ سب کچھ انسانی خدمت کی بنیادوں پر کررہے ہیں۔

گزشتہ روز امریکی خاتون نوجوان کے فلیٹ کی عمارت سے نکل کر نرسری کے قریب گیسٹ ہاؤس پہنچی تھی تاہم گیسٹ ہاؤس انتظامیہ نے خاتون کو رہائش دینے سے انکار کردیا تھا۔

دوسری جانب گارڈن میں نوجوان کے فلیٹ پر تالے لگےہیں جب کہ لڑکا فیملی کے ہمراہ شفٹ کرگیا۔