پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کارڈ کے ذریعے مزید مہنگے علاج کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کردیا! اب گردے اور جگر کی پیوندکاری کے ساتھ بون میرو ٹرانسپلانٹ، کوکلیئر امپلانٹ اور تھیلیسیمیا کے علاج بھی صحت کارڈ میں شامل کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد غریب عوام کو مزید بیماریوں کا مفت علاج میسر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل نگران حکومت کے دوران فنڈز کی قلت کے باعث گردے اور جگر کی پیوندکاری کا مفت علاج روک دیا گیا تھا، جو تقریباً دو سال بعد دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف حکومت نے نہ صرف یہ سہولت بحال کی بلکہ مزید جان لیوا بیماریوں کو بھی اس فہرست میں شامل کرلیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق اس منصوبے کے تحت:
✅ گردے کی پیوندکاری انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز پشاور میں ہوگی۔
✅ جگر کی پیوندکاری اور بون میرو ٹرانسپلانٹ قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد میں کرائے جائیں گے۔
✅ تھیلیسیمیا اور کوکلیئر امپلانٹ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ہوں گے۔
✅ بچوں کے لیے کوکلیئر امپلانٹ، جنہیں بولنے اور سننے کی صلاحیت نہیں، بھی صحت کارڈ میں شامل۔
✅ پیوندکاری کے بعد ایک سال تک مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی!
صوبائی حکومت نے اس منصوبے کے پائیدار مستقبل کے لیے ایپڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، تاکہ مہنگے علاج کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔