ڈالر کی قدر میں اضافے سے پاکستان کو 4 ہزار ارب روپے کا نقصان ہوا: عمر ایوب کا دعویٰ

ہری پور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ دو سالوں میں ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث پاکستان کو 4 ہزار ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے، جس سے معیشت شدید بحران کا شکار ہو گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران معیشت کو سنبھالنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں۔ نہ سرمایہ کاری ہو رہی ہے، نہ کرپشن رک رہی ہے، بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ صورتحال بدتر ہوتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور وفاق کی جانب سے خیبرپختونخوا کے 1100 ارب روپے کے واجبات ادا نہ کرنا سنگین مسائل ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے سندھ کے پانی کو چولستان منتقل کرنے کی حکومتی پالیسی پر بھی کڑی تنقید کی۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ملک کو سیاسی اور معاشی بحران سے نکالنے کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں، تاکہ عوامی نمائندے حقیقی مسائل حل کر سکیں۔