سفاک بیوی شوہر کو قتل کرکے، آشنا کیساتھ سیاحت کے لیے شملہ چلی گئی

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں ایک خاتون نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو قتل کرکے اس کی لاش کے 15 ٹکڑے کردیے اور پھر عاشق کے ساتھ سیاحت کے لیے شملہ چلی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، مسکان رستوگی نامی خاتون نے اپنے 32 سالہ شوہر سوربھ راجپوت کو قتل کرنے کے بعد لاش کے ٹکڑے ایک ڈرم میں سیمنٹ کے ساتھ چھپا دیے۔ مقتول مرچنٹ نیوی کا افسر تھا اور اس کی شادی 2016 میں ہوئی تھی، جبکہ ان کی ایک 5 سالہ بیٹی بھی ہے۔

بیوی کے ناجائز تعلقات اور قتل کی خوفناک واردات

رپورٹس کے مطابق، سوربھ کی نوکری کے باعث وہ زیادہ تر شہر سے باہر رہتا تھا، جس دوران مسکان نے اپنے پڑوسی ساحل شکلا سے تعلقات قائم کرلیے۔ جب سوربھ کو بیوی کے ناجائز تعلقات کا علم ہوا تو دونوں کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہوگئی۔

قتل کی منصوبہ بندی اور وحشیانہ عمل

4 مارچ کو مسکان نے شوہر کے کھانے میں نشہ آور دوا ملا دی، جس سے وہ بے ہوش ہوگیا۔ اس کے بعد اس نے آشنا ساحل شکلا کو بلایا، جس نے سوربھ کے سینے میں چاقو سے کئی وار کیے۔

قتل کے وقت ان کی بیٹی برابر کے کمرے میں سو رہی تھی۔ قتل کے بعد ملزمان نے لاش کو باتھ روم میں لے جا کر تیز دھار آلے سے 15 ٹکڑوں میں کاٹ کر پلاسٹک ڈرم میں ڈال دیا اور اوپر سے سیمنٹ بھر دیا۔

قتل کے بعد تفریحی سفر اور گرفتاری

اگلے دن مسکان اپنی بیٹی کو والدین کے گھر چھوڑ کر عاشق شکلا کے ساتھ شملہ گھومنے چلی گئی۔ تاہم، اس کے بار بار بدلتے رویے سے والدہ کو شک ہوگیا۔ جب والدہ نے بار بار سوالات کیے، تو مسکان نے سچ اگل دیا۔

بعد ازاں مسکان کے والدین نے خود اسے پولیس کے حوالے کردیا۔ دوران تفتیش، اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔ پولیس نے مسکان اور شکلا دونوں کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ لاش کے تمام ٹکڑے بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔