عید الفطر اور یومِ پاکستان کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کر دی گئی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قیدیوں کی سزاؤں میں خصوصی چھوٹ کا اعلان کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے یومِ پاکستان اور عید الفطر پر قیدیوں کی سزاؤں میں 180 دن کی کمی کر دی ہے۔
ایوانِ صدر کے مطابق سزاؤں میں کمی کا اطلاق قتل، جاسوسی، ریاست مخالف سرگرمیوں، مالی جرائم، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے، ریپ، چوری، ڈکیتی، اغواء، دہشت گردی میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔
ایک تہائی قید کاٹ چکنے والے 65 سال سے زائد عمر کے مرد قیدیوں پر سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا جبکہ ایک تہائی قید کاٹ چکنے والی 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدیوں پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔
بچوں کے ساتھ جیل میں موجود خواتین قیدیوں پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔
علاوہ ازیں ایک تہائی سزا کاٹ چکنے والے 18 سال سے کم عمر افراد پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔
واضح رہے کہ ہر سال عید الفطر اور یومِ آزادی پر بھی قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان کیا جاتا ہے۔