ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل پشاور نے ایک بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ گینگ کے اہم رکن نواب خان کو چھاپہ مار کارروائی میں گرفتار کر لیا۔ ملزم اور اس کے ساتھی افریقا اور گلف ممالک سے انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق، نواب خان نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر متاثرین کو یورپ بھیجنے کے نام پر بھاری رقم وصول کی۔ چھاپے کے دوران ملزم کے موبائل فون سے ویڈیوز، تصاویر، پیغامات اور بینک ٹرانزیکشنز برآمد ہوئیں۔
ملزم کے زیر استعمال بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی ہو چکی ہے، جو قانونی کارروائی کے بعد منجمد کر دیے جائیں گے۔ مزید تحقیقات کے لیے نادرا سے ملزم کے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ کی تصدیق اور اس کی جائیدادوں و گاڑیوں کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ملزم منی لانڈرنگ میں بھی ملوث پایا گیا، اور اس کی تفصیلات اینٹی منی لانڈرنگ ونگ کو دے دی گئی ہیں۔
ایف آئی اے ڈائریکٹر پشاور زون کے مطابق، انٹرپول کے تعاون سے بیرون ملک انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ کشتی حادثات میں ملوث مجرموں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔