ٹریلر کی ٹکر سے ایک اور موٹر سائیکل سوار حادثے کا شکار: جاں بحق افرادکی تعداد 78 ہوگئی

کراچی: کورنگی ویٹا چورنگی پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ ٹریلر کی ٹکر سے پیش آیا، جس کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

جاں بحق شخص کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور فرار ڈرائیور کی تلاش کی جا رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق، رواں سال کراچی میں ٹریفک حادثات سے اموات کی مجموعی تعداد 256 ہو چکی ہے، جن میں صرف 99 دنوں میں ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 78 ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہیوی گاڑیوں کی نقل و حرکت کو سختی سے ریگولیٹ کیا جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔