ملتان: ایل پی جی باؤزر دھماکے میں 26 افرادکی ہلاکت، 12 ملزمان ضمانت خارج ہونے پرگرفتار

ملتان میں جنوری میں ہونے والے ایل پی جی باؤزر دھماکے کے 12 ملزمان کی ضمانت ہائی کورٹ سے خارج ہونے پر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔

لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ  میں ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے 12 ملزمان کی درخواست خارج کردی۔

پولیس  نے ضمانت خارج ہونے پرتمام ملزمان کو گرفتار کر لیا، پولیس کا کہنا تھا کہ  ملزمان غیر قانونی گیس فلنگ کےکاروبار میں ملوث ہیں۔ واقعے میں ملوث مرکزی ملزم گیس باؤزر کا ڈرائیور اور گودام مالک پہلے ہی گرفتار ہیں۔ 

یاد رہے کہ رواں سال جنوری کے آخر میں ملتان کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں شیر شاہ روڈ پر واقع ایک گودام میں  گیس سے بھرے باؤزر میں دھماکا ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں 26 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے تھے۔

دھماکے سے قریبی آبادیوں کے 20گھر مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گئے تھے جب کہ جزوی طور پر 70 گھر متاثر ہوئے۔ دھماکے میں کئی جانور بھی جھلس کر ہلاک ہوئے تھے۔

تحقیقات میں کیا اہم چیز سامنے آئی؟

ذرائع کا بتانا ہے کہ ایل پی جی گیس باؤزر سے گیس نکال کر مکسنگ کرنا حادثات کا سبب بنتا ہے، ایل پی جی باؤزر سےگیس نکال کر اس میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی ملاوٹ کی جاتی ہے، کاربن ڈائی آکسائیڈ کی قیمت کم اور پریشر زیادہ ہونےکی وجہ سے مکسنگ کی جاتی ہے، کاربن ڈائی آکسائیڈ کی ملاوٹ سے پریشر بڑھ جاتا ہے۔