دو ہالی ووڈ اسٹارز کا فلسطینیوں کے حق میں بڑی فلموں سے دستبردار ہونے کا اعلان

ہالی وڈ کی معروف اداکارہ میلیسا بیریرا کو فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرنے پر فلم اسکریم 7 سے نکال دیا گیا، جس کے بعد ان کی ساتھی اداکارہ جینا آرٹیگا نے بھی احتجاجاً فلم سے علیحدگی اختیار کر لی۔ ان دونوں فیصلوں نے فلمی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے اور فلم کی ریلیز اب فروری 2026 تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

میلیسا بیریرا نے سوشل میڈیا پر غزہ میں اسرائیلی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کھل کر تنقید کی تھی، جس پر پروڈکشن کمپنی نے ان کا معاہدہ منسوخ کر دیا۔ اس اقدام کو آزادیٔ اظہار پر حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

جینا آرٹیگا نے ابتدا میں علیحدگی کی وجہ دیگر معاملات کو قرار دیا، مگر بعد میں اعتراف کیا کہ میلیسا کے ساتھ ہونے والی ناانصافی نے انہیں بھی یہ قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف معاوضے یا شیڈول کا مسئلہ نہیں تھا بلکہ ماحول ایسا بن گیا تھا کہ مزید کام کرنا ممکن نہیں رہا۔

اب اسکریم 7 میں پرانی کاسٹ کے واپسی کی اطلاعات ہیں، لیکن شائقین کو ان دونوں جرأت مند اداکاراؤں کی غیر موجودگی واضح طور پر محسوس ہوگی۔