پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے سوشل میڈیا کے ذریعے اطلاع دی ہے کہ وہ اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اداکار نے یہ اطلاع اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے دی، جس میں مختصر طور پر صرف "Hospitalized" لکھا گیا۔
تاہم، انہوں نے اسپتال میں داخل ہونے کی وجہ یا اپنی طبیعت کی کیفیت کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں دی۔ فیروز خان کی اچانک علالت کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی جانب سے جلد صحتیابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق، ایک انسٹاگرام پیج نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار کو طبیعت کی خرابی کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم، اب تک فیروز خان یا ان کے اہل خانہ کی طرف سے اس بارے میں کوئی مزید وضاحت یا تصدیق سامنے نہیں آئی۔
فیروز خان نے متعدد مشہور ڈراموں میں اپنی بہترین اداکاری سے مقبولیت حاصل کی ہے، اور ان کے مداح پرامید ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر دوبارہ اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔