لیبیا میں کشتی حادثہ، چار پاکستانیوں سمیت گیارہ تارکین وطن جاں بحق

لیبیا کے مشرقی علاقے سیریت کے قریب ہراوا کوسٹ پر 12 اپریل کو ایک کشتی حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں گیارہ افراد جاں بحق ہو گئے۔ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے وزارت خارجہ کو بھیجی گئی رپورٹ کے مطابق، جاں بحق افراد میں چار پاکستانی بھی شامل ہیں۔

سفارتخانے کی ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور قومی دستاویزات کی مدد سے چار پاکستانیوں کی شناخت کی۔ جاں بحق پاکستانیوں میں زاہد محمود (گوجرانوالہ)، سمیر علی، سید علی حسین اور آصف علی (تینوں منڈی بہاؤالدین) شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، حادثے میں ہلاک ہونے والے دیگر افراد میں پانچ مصری شہری بھی شامل ہیں، جبکہ دو لاشوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔ پاکستانی سفارتخانہ اس واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات کے لیے مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔