سابق امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ سماجی سلامتی کو خطرات سے دوچار کر رہے ہیں۔
امریکا کے سابق صدر جوبائیڈن نے شکاگو میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اخراجات میں کٹوتی سے متعلق صدرٹرمپ کے منصوبوں پر کڑی تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے عمر رسیدہ امریکیوں کو بہت نقصان کا سامنا ہو گا، نئی انتظامیہ نے اتنے کم عرصے میں اتنا زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔
جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ اب تک 7 ہزار ملازمین کو نکالا جا چکا ہے، یہ لوگ مڈل کلاس اور ملازمت پیشہ طبقے کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں تاکہ ان کے امیر دوست امیر تر ہو جائیں، آخر یہ لوگ اپنے آپ کو سمجھتے کیا ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیوٹ نے سابق صدر پر جملہ کسا تھا۔
کیرولائن لیوٹ نے کہا تھا کہ حیرت ہے جوبائیڈن رات کو خطاب کریں گے، میں تو سمجھ رہی تھی کہ تقریر کے وقت سے بہت پہلے ان کے سونے کا وقت ہو جاتا ہے۔