امریکا کا چین پر 245 فیصد ٹیرف، تجارتی جنگ میں نیا موڑ

امریکا نے چین کے خلاف بڑا تجارتی قدم اٹھاتے ہوئے 245 فیصد ٹیرف عائد کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری فیکٹ شیٹ کے مطابق یہ اقدام چین کی جانب سے امریکی مصنوعات پر 125 فیصد ٹیرف بڑھانے کے جواب میں اٹھایا گیا ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ کا کہنا ہے کہ تجارتی معاہدہ چین کی ضرورت ہے، امریکا کی نہیں۔ ان کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ بیجنگ کے ساتھ معاہدے کے لیے تیار ہیں، تاہم امریکا کو فی الحال اس کی اشد ضرورت نہیں۔ امریکا اس وقت 15 سے زائد تجارتی معاہدوں پر غور کر رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ 75 سے زائد ممالک نے امریکا سے نئے تجارتی معاہدوں پر بات کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔ چین کے سوا دیگر ممالک کے ساتھ جاری مذاکرات کے دوران ٹیرف عارضی طور پر معطل رہیں گے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 13 فیصد اضافہ بھی رپورٹ ہوا ہے، جو عالمی منڈی میں امریکی اثرورسوخ میں اضافے کا اشارہ ہے۔