امریکا نے ایرانی تیل درآمد کرنے والی کمپنیوں اور آئل ٹینکرز پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق یہ اقدام ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ اس کی غیر قانونی تیل کی برآمدات روکی جا سکیں۔
پابندیوں کی زد میں آنے والی کمپنیوں میں چین میں کام کرنے والی چھوٹی اور آزاد آئل ریفائنریز شامل ہیں جو کہ 1 ارب ڈالر سے زائد ایرانی خام تیل کی خریداری میں ملوث پائی گئی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین امریکی پابندیوں کو تسلیم نہیں کرتا اور وہ ایرانی تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان زیادہ تر تجارت چینی کرنسی میں ہوتی ہے، جس سے امریکی ڈالر کو بائی پاس کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ نے چند روز قبل بھی ایران پر ایسی ہی پابندیاں عائد کی تھیں تاکہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ اور غیرقانونی فروخت کو روکا جا سکے۔