اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک):
ذرائع کے مطابق، پاکستان نے حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد بھارت کے اندر گہرائی تک جوابی کارروائیاں کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ ان کارروائیوں میں بلوچ لبریشن آرمی (BLA) اور دیگر گروہوں کے تربیتی کیمپس، مالی معاونین اور نیٹ ورک کو نشانہ بنایا جائے گا، جنہیں پاکستان میں تخریب کاری کا ذمہ دار سمجھا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایس آئی اور دیگر اداروں نے ان عناصر کے خلاف مصدقہ انٹیلیجنس حاصل کر لی ہے، جن میں بھارت کے اندر موجود وہ مقامات بھی شامل ہیں جہاں سے دہشت گردی کی منصوبہ بندی، تربیت اور مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
پاکستان کا مقف ہے کہ یہ کارروائیاں دفاعی نوعیت کی اور مکمل طور پر ہدف بنائی گئی ہوں گی، جن کا مقصد صرف دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ختم کرنا ہے، نہ کہ شہری آبادی کو نقصان پہنچانا۔
علاقائی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان نے یہ قدم اٹھایا، تو یہ جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی توازن کو شدید متاثر کر سکتا ہے اور عالمی سطح پر فوری سفارتی مداخلت کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔