گوگل نے معلومات کو سادہ بنانے کا نیا طریقہ پیش کر دیا

گوگل نے اپنے سرچ انجن صارفین کے لیے ایک نیا اے آئی فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو ویب پر موجود پیچیدہ مواد کو آسان انداز میں سمجھنے میں مدد دے گا۔

اس فیچر کا نام سمپل فائی ہے، جسے آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے گوگل ایپ میں شامل کیا گیا ہے۔ اگر کوئی صارف ایسا مواد پڑھ رہا ہو جو تکنیکی یا مشکل ہو تو وہ اس مواد کو منتخب کر کے مور ایکشنز میں موجود سمپل فائی آپشن پر کلک کرے گا، جس کے بعد اس مواد کا سادہ اور آسان ورژن سامنے آ جائے گا۔

یہ فیچر گوگل کے جدید جیمنائی اے آئی ماڈل پر مبنی ہے، جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ اصل معلومات کا مفہوم متاثر نہ ہو بلکہ بہتر انداز میں سمجھ آ جائے۔

گوگل کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ معلومات کو آسان بنا کر ان کے مفہوم کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکتا ہے۔ اس فیچر سے خاص طور پر میڈیکل، بائیولوجی، قانون، فلسفہ، کمپیوٹر سائنس اور دیگر پیچیدہ مضامین کو عام فہم بنانا ممکن ہو جائے گا۔