پاکستان نے مودی کے جھوٹے بیانیے کو مسترد کر دیا

پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے اشتعال انگیز اور بے بنیاد بیانات کو دوٹوک انداز میں مسترد کر دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے ان بیانات کو جھوٹ پر مبنی، سیاسی مفادات کے لیے دیے گئے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت جھوٹے الزامات اور جعلی بیانیے کے ذریعے جارحیت کو جواز دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان سیزفائر معاہدے پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہے اور خطے میں امن کے لیے پرعزم ہے۔ بھارتی حکومت پہلگام حملے کا الزام بغیر شواہد پاکستان پر ڈال کر عالمی توجہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور اندرونی ناکامیوں سے ہٹانا چاہتی ہے۔

پاکستان نے زور دیا کہ اس نے صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنا کر اپنی دفاعی صلاحیت کا مؤثر مظاہرہ کیا، جبکہ بھارتی جارحیت نے پورے خطے کے استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کے احترام کو “نارمل” سمجھتا ہے اور بھارتی اشتعال انگیزیوں پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتا ہے۔