پہلگام کے بعد بھارت کا پاکستان پر حملہ ناقابل برداشت ہے: مشعال ملک

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اسلام آباد میں پمز اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے "معرکہ حق" کے دوران زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور ان کے جذبے کو سراہا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے بھارت کے موجودہ حکمران کو ایک "نفسیاتی شخصیت" قرار دیا اور کہا کہ اب اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔
انہوں نے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں شہید ہونے والا بچہ اسامہ اپنی بہن کی شادی کی تیاریوں میں مصروف تھا، جس کے ہاتھوں پر ابھی تک مہندی لگی ہوئی ہے۔
مشعال ملک نے عالمی طاقتوں، بالخصوص امریکا، چین، ترکی اور سعودی عرب سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور یاسین ملک سمیت دیگر حریت رہنماؤں کی رہائی کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے تجویز دی کہ اگر بھارت کے فوجی پاکستان کی قید میں ہیں تو ان کے بدلے کشمیری قیادت کو رہا کروایا جا سکتا ہے۔