فالسہ ایک موسمی پھل ہے جو گرمی کے دنوں میں مختصر وقت کے لیے دستیاب ہوتا ہے۔ اس کا ذائقہ کھٹا میٹھا ضرور ہوتا ہے مگر اس کی اصل اہمیت اس کے طبی فوائد میں پوشیدہ ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق فالسہ صحت کے لیے بے شمار فوائد رکھتا ہے اور اسے روزمرہ غذا میں شامل کرنا جسمانی نظام کو بہتر بنانے میں مددگار ہو سکتا ہے۔
فالسہ پروٹین، فائبر، کیلشیئم، آئرن، پوٹاشیم، فاسفورس، وٹامن اے، بی کمپلیکس اور وٹامن سی جیسے اہم غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتا ہے۔ ان اجزاء کی موجودگی فالسے کو بینائی، اعصابی نظام، میٹابولزم، اور قوت مدافعت کے لیے نہایت مفید بناتی ہے۔
یہ پھل دل کی صحت، نظام تنفس، نظام ہضم، مسلز، جلد، اور حتیٰ کہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی مفید قرار دیا جاتا ہے۔ فالسے کا گلیسمک انڈیکس کم ہوتا ہے جس کی وجہ سے یہ بلڈ شوگر کو قابو میں رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
مزید یہ کہ فالسہ آئرن کی کمی کو دور کر کے خون کی پیداوار بڑھانے میں بھی معاون ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق فالسے کا جوس روزانہ پینا جگر، پیٹ اور جلد کی صحت کے لیے انتہائی مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
