کیا چیٹ جی پی ٹی اب آپ کی پوری زندگی کا ریکارڈ رکھ سکے گا؟

اوپن اے آئی کے سی ای او سام آلٹمین نے ایک ایونٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں چیٹ جی پی ٹی ایک ایسا چیٹ بوٹ بن جائے گا جو صارف کی پوری ذاتی زندگی کو یاد رکھ سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک چھوٹے سے ماڈل میں انسان کی مکمل زندگی، اس کی گفتگو، پڑھی گئی کتابیں، ای میلز اور دیکھی گئی چیزوں کا ڈیٹا محفوظ ہو جائے گا۔

ان کے مطابق چیٹ جی پی ٹی دیگر ڈیٹا ذرائع سے بھی معلومات کو جوڑ کر انسان جیسی یادداشت حاصل کر لے گا۔

سام آلٹمن کا کہنا تھا کہ نوجوان اسے روزمرہ فیصلوں میں مدد کے لیے استعمال کر رہے ہیں جبکہ عمر رسیدہ افراد اسے گوگل کے متبادل یا ذاتی مشیر کے طور پر اپنا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں چیٹ جی پی ٹی میں میموری کا فیچر متعارف کروایا گیا ہے جو سابقہ بات چیت اور معلومات کو یاد رکھتا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ جدید چیٹ بوٹ کب مکمل طور پر ایسی سطح پر پہنچے گا جہاں یہ سب کچھ یاد رکھنے کے قابل ہو گا، اور پرائیویسی کے حوالے سے اس پر سوالات بھی موجود ہیں۔