اسرائیل کا غزہ میں محدود پیمانے پر امداد کی فراہمی کیلئے ناکہ بندی ختم کرنے کا فیصلہ

اسرائیل نے عالمی سطح پر شدید تنقید کے بعد غزہ میں محدود پیمانے پر امداد کی فراہمی کیلئے ناکہ بندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے 2 مارچ کو غزہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے کھانے پینے سمیت ہر قسم کے سامان کا داخلہ روک دیا تھا جس کے بعد وہاں  غذائی بحران شدید ہوگیا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ کی ناکہ بندی کرنے کے فیصلے پر عالمی سطح پر کافی تنقید کی گئی۔

تاہم اتوار کو اسرائیل نے اعلان کیا کہ وہ غزہ میں قحط کی صورتحال سے بچنے کے لیے بنیادی خوراک کی فراہمی کی اجازت دے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں واضح نہیں کہ امداد کس طریقہ کار کے ذریعے غزہ لے جائی جاسکے گی اور امداد کی فراہمی کب سے شروع ہو گی۔ 

اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جا ئے گاکہ امداد عسکریت پسندوں کے ہاتھوں میں نہ جائے، اسرائیل حماس کو امداد کی تقسیم کا کنٹرول حاصل کرنے سے روکنے لیے کارروائی کرے گا۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ میں بڑے پیمانے پر زمینی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جس کے نتیجے میں مزید 140 فلسطینی شہید ہوگئے۔