بھارت کو حملے سے پہلے سوچنا ہوگا، وزیراعظم کا دو ٹوک پیغام

مظفرآباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کو اندازہ ہو گیا ہے کہ پاکستانی افواج ہر وقت دفاع کے لیے تیار ہیں، اور اب مودی سرکار پاکستان پر دوبارہ حملہ کرنے سے پہلے سو بار سوچے گی۔

یہ بات انہوں نے بھارتی حملے میں شہید اور زخمی افراد کے اہل خانہ میں رقومات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ چند دن قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک جنگی صورتحال پیدا ہوئی، جو کسی بھی وقت خطرناک رخ اختیار کر سکتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ افسوسناک تھا، مگر بھارت نے اس کی آڑ میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے، جسے ہم نے عالمی تحقیقات اور تعاون کی پیشکش کے ذریعے بے نقاب کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی افواج نے بھارتی کے چھ جنگی جہاز مار گرائے، جن میں رافیل اور مگ 29 شامل تھے، جبکہ الفتح میزائل نے بھارت کو سخت جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی جوابی کارروائی کے بعد بھارت سیز فائر پر مجبور ہوا، اور اب مودی سرکار دوبارہ حملہ کرنے سے پہلے کئی بار سوچے گی۔

وزیراعظم نے تقریب میں شہداء کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے اور زخمیوں کو دس سے بیس لاکھ روپے کے چیکس دیے، اور یقین دہانی کرائی کہ جو لوگ رہ گئے ہیں انہیں بھی زرتلافی دی جائے گی۔