راجستھان جلسے میں لگائے گئے بھارتی الزامات مسترد، پاکستان کا شدید ردعمل

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے راجستھان کے انتخابی جلسے میں پاکستان کے خلاف لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ان الزامات کو بے بنیاد اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیانات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے بلکہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی طاقت بھی رکھتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے قومی دفاع اور خودمختاری کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گا۔

ترجمان کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا کہ سیاسی مقاصد کے لیے پاکستان کو نشانہ بنانا ایک غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ہے، جو خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے لیکن کسی بھی مہم جوئی کے خلاف پوری قوت سے جواب دینے کے لیے تیار ہے۔