پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص بھارت کے خلاف افواج پاکستان اور قوم کی متحدہ مزاحمت تھی، تاہم ابھی مکمل طاقت استعمال نہیں کی گئی۔
عرب ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے خلاف سچائی کی جنگ لڑی اور جھوٹ، فریب اور جبر کا پردہ چاک کیا۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے پیش کردہ الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت کے پاس کوئی ثبوت ہے تو عالمی برادری یا کسی قابل اعتماد فریق کے سامنے پیش کرے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ بھارت کی فلم انڈسٹری نت نئے بیانیے گھڑتی رہتی ہے، جبکہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت جے ایف-17 تھنڈر، جے-10 سی اور فتح میزائل جیسے جدید ہتھیاروں سے واضح ہے۔
انہوں نے بھارت کے جنگی جنون پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ رویہ باہمی تباہی کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ عالمی طاقتیں جانتی ہیں کہ دو ایٹمی ممالک میں جنگ کا تصور خطرناک ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت میں صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ دیگر اقلیتیں بھی ظلم کا شکار ہیں، اور جب تک بھارت اپنے اندرونی مسائل حل نہیں کرتا، امن ممکن نہیں ہوگا۔
انہوں نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بین الاقوامی تنازع ہے جس میں پاکستان، چین اور بھارت شامل ہیں، اور اس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو پاکستان کا ردعمل پہلے سے زیادہ شدید ہوگا۔